بھارت جیسا غیرذمہ دار ملک حساس ایٹمی صلاحیت کیسے رکھ سکتا ہے، معید یوسف

227

قومی سلامتی کے مشیر معیدیوسف نے پاکستان میں 9 مارچ کو میزائل گرنے کی بھارتی وضاحت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک غیرذمہ دار ملک کیسے ایٹمی صلاحیت رکھ سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں معید یوسف نے بھارت کے دفاعی نظام کی کمزوریوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ9 مارچ کو ایک انہونا اور خطرناک واقعہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے، ہمیں پر امن رہنے دیا جائے، بھارت سے ایک سپر سانک میزائل 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پاکستان میں گرا، یہ کیسا ملک ہے کہ جس کا میزائل چل گیا اور وہ تین دن بعد وضاحت کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کو اعتماد میں لینے کی بھی توفیق نہیں ہوئی، ہم دنیا کو بار بار بھارت کے ناقص دفاعی نظام کی طرف توجہ دلاتے رہے ہیں، ایسا غیرذمہ دار ملک حساس ایٹمی صلاحیت کیسے رکھ سکتا ہے۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ بھارت میں ماضی قریب میں یورینیم کی چوری اور شہریوں کو یورینیم اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یاد رکھیے کہ یہ وہ ریاست ہے جس کو فاشسٹ نظریات کے تحت چلایا جارہا ہے، جس کی 2019 میں پاکستان پر جارحیت کی مذموم کوشش ثابت ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات خطے سمیت دنیا بھر کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، بھارتی غیر ذمہ داری کی انتہا ہے کہ انہوں نے ایک ایٹمی ملک پر میزائل برسا دیا۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت سنجیدہ واقعہ ہے، دنیا اس معاملے کا فوری نوٹس لے، بھارتی میزائل کا غلطی سے فائر ہو جانے کی بھارتی وضاحت بھی مشکوک ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.