این اے 148 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی جیت گئے

21

حلقہ این اے 148 کے ضمنی الیکشن میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی نے میدان مار لیا ہے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک تیمور الطاف دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ این اے 148 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی نے 85 ہزار 863 ووٹ حاصل کئے اور تاریخی فتح حاصل کی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ملک تیمور نے 52 ہزار354 ووٹ حاصل کئے۔

علی قاسم گیلانی اپنے مد مقابل سے 33 ہزار 509 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے، غیر سرکاری نتائج میں علی قاسم گیلانی کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی ملتان کے پیپلز پارٹی کے رہنما اور ورکرز گیلانی ہاؤس پہنچ گئے۔

علی قاسم گیلانی کی فتح کے اعلان پر گیلانی ہاؤس میں جمع کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر نو منتخب ممبر قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی کا کہنا تھا کہ عوام نے ان کو بھاری اکثریت سے جتوایا ہے آنے والے پانچ سالوں میں عوام کی خدمت کریں گے۔

خیال رہے کہ ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا، سخت گرمی کی وجہ سے ٹرن آؤٹ بہت کم رہا۔

یہ بھی یاد رہے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تیمور الطاف ملک کو شکست دی تھی، بعد میں چیئرمین سینیٹ بننے کیلئے یوسف رضا گیلانی نے یہ سیٹ چھوڑ دی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.