ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 96 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت
ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 96 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی محل بکنگھم پیلس نے ملکہ برطانیہ کے انتقال کا اعلان کردیا ہے۔
ملکہ کے انتقال کے بعد شہزادہ چارلس برطانیہ کے آئندہ بادشاہ بن جائیں گے۔
برطانوی حکومت نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر دس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ کی تدفین لندن برج آپریشن کے منصوبے کے تحت سر انجام پائے گی،ملکہ کے تابوت کو شاہی ٹرین پر سینٹ پینکراس ریلوے اسٹیشن لندن منتقل کیاجائے گا اور پھر ریلوے اسٹیشن سے تابوت بکنگھم پیلس لایا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات دس روز بعد ویسٹ منسٹرا بے پر ادا کی جائیں گی اور ملکہ کی آخری رسومات کے وقت دو منٹ خاموشی اختیار کی جائے گی اور پھر ملکہ کو کنگ جارج ششم میموریل چیپل ونڈزر میں سپردخاک کیا جائے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات کے روز قومی تعطیل ہوگی۔ملکہ کو سپرد خا ک کیے جانے کے دن لندن اسٹاک،بینک اور تمام اہم ادارے بند رہیں گے۔
ملکہ برطانیہ کے 70 سالہ دور میں 15 وزرائے اعظم تبدیل ہوئے
ملکہ برطانیہ کے دور میں 15 وزرائے اعظم تبدیل ہوئے، ان کے دور کے پہلے وزیر اعظم ونسٹن چرچل دوسرے اینتھونی ایڈن،تیسرے ہیرلڈمیکملن، ایلک ڈگلس ہوم چوتھے، ہیرلڈ ولسن پانچویں ،ایڈورڈ ہیتھ چھٹے ، جیمز کیلگن ساتویں، مارگریٹ تھیچر ملکہ کے دور کی آٹھویں، جان میجر نویں، ٹونی بلیئر ملکہ کے دور کے دسویں وزیراعظم رہے۔
گورڈن براؤن گیارویں ،ڈیوڈ کیمرون بارویں ،ٹریزامے تیرویں اور بورس جانسن چودھویں وزیراعظم رہے۔لزٹرس پندرویں وزیراعظم ہیں جنہیں ملکہ نےحکومت بنانےکی دعوت دی۔
لز ٹرس نے دو دن پہلے حکومت بنانے کیلئے ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی تھی۔