ایشیا کپ سپر فور: بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے ہرا دیا

9

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز  کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔

پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے یہ دوسری بدترین شکست ہے، اس سے قبل پاکستان 2009 میں سری لنکا سے 234  رنز سے ہارا تھا۔

آج کولمبو میں ریزرو ڈے میں بارش رکنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا میچ شروع ہوا اور بھارتی ٹیم نے 25 ویں اوور سے کھیل کا آغاز کیا۔

گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، جس میں بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔

بھارتی بلے باز کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے ناقابل شکست اننگز کھیلیں جس کے باعث بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹ پر 356 رنز بنا لیے۔

ویرات کوہلی نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کے ایل راہول بھی 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کے درمیان تیسری وکٹ پر  233  رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوئی۔

بھارت کے 357 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن پتوں کی طرح بکھر کر رہ گئی اور پوری ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، حارث اور نسیم انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔

پاکستان کا کوئی بھی بلے باز بھارتی بولروں کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا، فخرزمان 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سلمان آغا اور  افتخار احمد نے 23 ، 23 رنزبنائے،بابراعظم نے 10 اور امام الحق نے 9 رنزبنائے۔

بھارت کی جانب سےکلدیپ یادیو نے 25 رنزدےکر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے ریزرو ڈے پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.