آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں سری لنکا نے سکاٹ لینڈ کو آسان مقابلے میں82 رنز سے شکست دے دی

394

بلاویو۔27جون (اے پی پی):آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں سری لنکا نے سکاٹ لینڈ کو آسان مقابلے میں82 رنز سے شکست دے دی، سری لنکا کے 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سکاٹش ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مہیش تھیکشانا کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو بلاوایو میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے 19ویں گروپ میچ میں سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 245 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ پاتھم نسانکا نے75 اور چریتھ اسالنکا نے 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

سکاٹ لینڈ کی جانب سے کرس گریوز نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ مارک ویٹ نے 3، کرس سول نے2 اور الاسڈیر ایوانز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی سکاٹ لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 29 اوورز میں 163 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ سکاٹ لینڈ کی طرف سے کرس گریوز56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

سری لنکا کے بائولر مہیش تھیکشنا نے41 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہسارنگا نے دو، کاسن رجیتھا، لہیرو کمارا اور شناکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ سری لنکا کی ورلڈ کپ کوالیفائر میں یہ مسلسل چوتھی فتح ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.