چُست اور صحت مند رہنے کیلئے روزانہ کتنے قدم چلنا چاہیے؟ نئی تحقیق سامنے آگئی
صحت مند اور چُست رہنے کیلئے ماہرین 10 ہزار قدم کو بہترین قرار دیتے آئے ہیں لیکن اب ایک نئی تحقیق کے مطابق 5 ہزار قدم چلنا بھی صحت مند رہنے کیلئے کافی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ( بی بی سی ) کے مطابق یہ تحقیق پولینڈ کی میڈیکل یونیورسٹی آف لوڈز اور امریکا کےجان ہاپکنز یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے۔
اس تحقیق میں دنیا بھر سے 2 لاکھ 26 ہزار لوگوں نے حصہ لیا جس دوران معلوم ہوا کہ روزانہ 4 ہزار قدم چلنا کسی بھی وجہ سے قبل از وقت مرنے کے خطرے کو کم کردیتے ہیں، دل اور خون کی شریانوں کیلئے 2 ہزار 300 قدم بھی کافی ہیں۔
ماہرین کے مطابق 4ہزار سے آگے ہر اضافی ایک ہزار قدم جلد مرنے کے خطرے کو 15 فیصد تک کم کردیتا ہے۔
تحقیق کے مطابق چہل قدمی کے یہ فوائد ہر عمر کے لوگ حاصل کرسکتے ہیں لیکن سب سے زیادہ فائدہ 60 سال سے کم عمر کے لوگوں میں دیکھا گیا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اعدادوشمار کے مطابق جسمانی ورزش کی کمی ہر سال 3.2 ملین لوگوں کے مرنے کی وجہ ہے جسے دنیا بھر میں چوتھی سب سے زیادہ عام وجہ قرار دیا گیا ہے۔
تحقیق میں شامل لوڈز یونیورسٹی کے پروفیسر میکیج بانچ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں لوگوں کو طرز زندگی میں تبدیلی پر زور دینا چاہیے جس میں کھانا اور ورزش ہماری تحقیق کا اہم جز ہے، چہل قدمی سے دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے اور عمر کو بڑھایا جاسکتا ہے۔