تمام محکمے 12ربیع الاول کے انتظامات کے پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں: ڈپٹی کمشنر وہاڑی

24

بورے والا (سید ساجد حسین نقوی) ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے کہا ہے کہ تمام محکمے 12ربیع الاول کے انتظامات کیلئے مرتب پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں.

ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے اس حوالے سے ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی شہر بھر میں صفائی ستھرائی اور سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کرائے. میپکو جلوسوں کے راستوں پر بجلی کی لٹکتی تاروں کو اونچا کرے. محکمہ سوئی گیس جلوسوں کے راستوں اور محافل کے مقامات پر لگے گیس میٹر کو چیک کرے اگر کسی میٹر سے گیس لیکیج ہو رہی ہے تو اسے ٹھیک کیا جائے.

ڈپٹی کمشنر نے عیدمیلادالنبی ﷺ کے انتظامات کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں محکموں کے سربراہان کو ہدایات دیتے ہوئے مزید کہا کہ جلوسوں کے ساتھ محکمہ صحت کی ایمبولینسز اور ہستپالوں میں ایمرجنسی ڈیوٹی پر اضافی سٹاف موجود ہونا چاہیے ریسکیو1122کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری ریسپانس کو یقینی بنائے گی تمام جلوسوں کے راستوں کو سول ڈیفنس کے اہلکارکلیئر کریں، جلوسوں کے راستوں پر مقدس اوراق کیلئے لگے ہوئے ڈبوں اور پوسٹ آفسز کے لیٹر باکس کو چیک کریں اور12ربیع الاول کے موقع پر بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی جلوسوں کے ساتھ رہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس جلوسوں کے راستوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے متبادل پلان تیار کرے.

اس موقع پر اے ڈی سی جنرل عبدالجبار، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عائشہ خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صدیق احمد، سی او ضلع کونسل ناصر نعمان شاہ، سی او بلدیہ علی احمد صابر اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.