ایم ڈی کیٹ امتحان: تمام انتظامات مکمل، 83 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے

402

لاہور،: پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ کا امتحان 13نومبر بروز اتوار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام صوبے کے آٹھ شہروں میں قائم کردہ 25مراکز میں لیا جائے گا۔

ایم ڈی کیٹ کا پرچہ اور امتحانی میٹریل جمعہ کے روز سخت حفاظتی انتظامات میں مختلف شہروں کو روانہ کردیا گیا۔امتحانی پرچوں کو سٹیل کے سربمہر ٹرنکوں میں رکھا گیا ہے۔ایم ڈی کیٹ کے امتحانی پرچوں کو متعلقہ اضلاع کی پولیس اور ضلعی انتظامیہ اپنی حفاظت میں لے کر روانہ ہوئی۔

امتحانی میٹریل کو آج مختلف اضلاع کے خزانہ دفاتر میں محفوظ کردیا جائے گا۔وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے امتحانی عملے کو روانہ کیا۔امیدواروں،عملے کی سلامتی اور امتحان کے پرسکون انعقاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ایم ڈی کیٹ میں 83ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔

لاہور میں 28ہزار، ملتان 18ہزار، گوجرانوالہ 7ہزار، بہاولپور میں ساڑھے 6ہزار امیدوار امتحان دیں گے جبکہ فیصل آباد میں 12ہزار، ساہیوال 4ہزار، سیالکوٹ اور ڈی جی خان میں ساڑھے تین تین ہزار امیدوار امتحان دیں گے۔ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کیلئے 6ہزار سے زائد نگران عملہ مقرر کیا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سینئر فیکلٹی ارکان کو ٹیسٹ کے انعقاد کیلئے ہیڈ کورئیرز مقررکیا گیا ہے۔تمام شہروں میں سرکاری میڈیکل اداروں کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر فیکلٹی ممبرز امتحان کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے افسران، متعلقہ اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

امتحانی مراکز پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکنے کیلئے دفعہ 144نافذ کردی گئی۔ایم ڈی کیٹ امتحان صبح11بجے شروع ہوگا۔امتحانی مراکز صبح 9 بجے کھول دیے جائیں گے اورصبح 10 بجے امتحانی مراکز کو بند کردیا جائے گا اور کسی کو اندر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔امتحان کا دورانیہ ساڑھے تین گھنٹے ہوگا۔

ایم کیٹ امتحان سہہ پہر ڈھائی بجے اختتام پذیر ہوگا۔ایم ڈی کیٹ امتحان 200معروضی سوالات پر مشتمل ہوگا۔ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں کم از کم 55فیصد (110/200) نمبر اور بی ڈی ایس میں داخلے کیلئے کم از کم45فیصد (90/200) نمبر لانا لازمی ہے۔امتحان میں بیالوجی کے 68، کیمسٹری کے 54، فزکس کے 54، انگریزی18اور لوجیکل ریزننگ کے 6سوالات ہوں گے۔ایم ڈی کیٹ امتحان پاکستان میڈیکل کمیشن کے سلیبس کے مطابق لیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.