این ٹی ڈی سی نے220/132کے وی گرڈ سٹیشن جھمپیر۔IIکومکمل کرکے انرجائز کردیا

95

لاہور: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ(این ٹی ڈی سی) نے 220/132 کے وی گرڈ سٹیشن جھمپیر۔II کو مکمل کرکے انرجائز کردیا۔ یہ منصوبہ جھمپیر ونڈ کلسٹر میں ونڈ پاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی  بجلی کو قومی گرڈ میں شامل کرے گا۔

منیجنگ ڈائریکٹراین ٹی ڈی سی انجینئرمنظور احمد نے انرجائزیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئرمنظور احمد نے کہا کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان اور بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی کی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے این ٹی ڈی سی اپنے ٹرانسمیشن سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے منصوبوں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔ 

220/132کے وی گرڈسٹیشن جھمپیر-II اور اس سے منسلک ٹرانسمیشن لائنیں جھمپیر ونڈ کوریڈور میں واقع 10 آنے والے اور مستقبل کے ونڈ پاور پلانٹس سے ماحول دوست بجلی کی ترسیل کریں گے۔ اس گرڈ سٹیشن پر 250 ایم وی اے استعداد کے حامل تین ٹرانسفارمر لگائے گئے ہیںجن کی کل استعداد 750ایم وی اے بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھمپیر II پراجیکٹ کی  لاگت 10.753بلین روپے ہے ۔ مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے کہا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں اضافی بجلی کی ترسیل کی کافی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ یہ این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں مزید استحکام لائے گا اور حیسکو نیٹ ورک میں وولٹیج پروفائل کو بہتر بنائے گا۔

انجینئر منظور احمد نے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے این ٹی ڈی سی پراجیکٹ ڈلیوری ساؤتھ کی ٹیم، کنٹریکٹر میسرز الحسین اور کنسلٹنٹ میسرز برقاب کی کارکردگی کو سراہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.