نوازشریف کی بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات، ساتھ لیکر چلنے کا اعلان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے مرکزی قیادت کے ہمراہ کوئٹہ میں ڈیرے ڈال دیے۔
میاں نوازشریف آج بلوچستان کے دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
شہباز شریف اور مریم نواز سمیت ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کوئٹہ میں موجود ہے۔
نواز شریف نے بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعتوں اور قائدین سے کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، جمعیت پشتونخوامیپ کے قائدین شریک ہوئے۔
بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے صدر خالد مگسی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، جان جمالی، سردار صالح بھوتانی اور منظور کاکڑ نے شرکت کی جبکہ نیشنل پارٹی کے ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، جان بلیدی،کبیر محمد اور پشتونخوامیپ کے نواب ایاز جوگیزئی، ڈاکٹر حامد اچکزئی، لیاقت آغا ملاقات میں شریک تھے۔
ان ملاقاتوں میں میاں نوازشریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی ہمیشہ سے عزیز رہی ہے، اپنے دور میں بلوچستان میں غربت کے خاتمے کیلئے ہزاروں کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھایا تھا، گوادر کوئٹہ سڑک کی تعمیر سے دو دن کا سفرکم ہوکر 8 گھنٹے رہ گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر سے خضدار اور رتو ڈیرو سڑک بناکر جنوبی بلوچستان کو سندھ سے جوڑا گیا مگر بلوچستان کی ترقی کا جو کام شروع کیا تھا وہ ہماری حکومت جانے پر روک دیا گیا۔
نوازشریف کا کہنا تھاکہ پہلے بھی سب کو ساتھ لے کر چلے تھے اور اب بھی اسی روایت کو برقرار رکھیں گے، سب کے ساتھ تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
اس موقع پر سیاسی رہنماؤں نے نوازشریف کی بلوچستان آمد اور ملاقات پر شکریہ ادا کیا اور بلوچستان کی ترقی کیلئے ان کے جذبے کو سراہا۔
بلوچستان کے قائدین نے مستقبل میں اشتراک عمل اور سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔