سموگ کے پیشِ نظر جمعہ کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھٹی کا اعلان

19

نگران پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کے پیشِ نظر جمعہ کو لاہور سمیت  پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھٹی کا اعلان  کر دیا گیا۔

سموگ نے لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر بنادیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 10 نومبر جمعہ کو لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع ، گوجرانوالہ، وزیر آباد اور حافظ آباد کے اضلاع میں سموگ کے پیشِ نظر چھٹی کا اعلان کر دیا۔

محسن نقوی نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 10 نومبر جمعے کو دفاتر اور سکولوں کی چھٹی ہوگی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمعہ ہفتہ اتوار کو شادی گھر کھلے رہیں گے جبکہ پارک بند رہیں گے ، بیکریاں اور فارمیسیز ، ٹیک اوے ریسٹورنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیکٹریاں بند نہیں کر رہے، اگر عام مزدور کا چولہا چار دن بند کریں گے تو مسئلہ ہو گا، ہم ایک چھٹی کا اعلان کر رہے ہیں اور بہت سوچ سمجھ کر رہے ہیں، جمعہ کو سکولوں میں ویسے ہی آدھا دن ہوتا ہے، ہفتے کو مارکیٹیں بند ہوں گی، تاجرجمعہ کو مناسب سمجھیں گے تو بند کر دیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ  بھارت میں جلائی جانے والی فصلوں کی باقیات کا سارا اثر پاکستانی پنجاب پر آرہا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ  نے بتایا کہ مقصد یہ ہے کہ سموگ کو نیچے لے آئیں، ختم کرنا ممکن نہیں، بارش زیادہ ہوتی ہے تو اس سے بھی سموگ پرفرق پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں نئی دلی میں بھی سکول بند کیے گئے، سخت فیصلے انہیں بھی کرنے پڑے، ہم ان شہروں کو بھی مانیٹر کر رہے ہیں جہاں سخت سموگ ہے، اگر آپ ان تین چار دنوں میں لاہور میں رہنا چاہتے ہیں تو گھروں میں رہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام ماسک ضرور پہنیں،بچوں اور بزرگوں کو ماسک ضرور پہنائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.