پنجاب ٹیچرز یونین کا 26 ستمبر کو صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان
لاہور مرر: پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے اساتذہ و ملازمین کی زندگیاں اجیرن کر دیں حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، ملک مستنصر باللہ اعوان، آغا سلامت، چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، نذیر گجر، اختر بیگ ودیگر نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نہ تھمنے والا طوفان جاری ہے جس کی وجہ سے اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہیں.
ٹیچرز رہنماؤں کا مزید کہنا ہے کہ ملازمین فاقہ کشی کا شکار ہیں، بچوں کی تعلیم اور علاج معالجے سے قاصر ہیں، ریٹائرمنٹ پر لیو انکیشمنٹ اور پنشن وگریجویٹی ملازمین کے لئے آس و امید ہوتی ہے کہ اپنا گھر یا بچوں کی شادی وغیرہ ہو جائے گی لیکن نگران حکومت نے لیو انکیشمنٹ میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر کے ملازمین کو بے چینی و اضطراب میں مبتلا کردیا ہے تو دوسری طرف پنشن وگریجویٹی میں کمی کی بازگشت نے ملازمین زندہ درگور کردیا ہے.
یونین کا مزید کہنا ہے کہ ان ملازمین دشمن اقدامات کی وجہ سے پنجاب بھر کے اساتذہ سمیت لاکھوں سرکاری ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے سراپا احتجاج ہیں.
اساتذہ نے کہا ہے کہ ملازمین کے معاشی حقوق کا تحفظ ہر صورت کیا جائے گا، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، 26 ستمبر کو فیصل آباد میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ اور ریلی نکالی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ لاہور میں سول سیکرٹریٹ کے سامنے اور پنجاب بھر میں ضلعی و تحصیل سطح پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے.