یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پنجاب میں ایم ڈی کیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا
لاہور: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پنجاب کے ایم ڈی کیٹ کے نتائج جاری کردیے–
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے جمعہ کے روز ایم ڈی کیٹ 2023ء کا آفیشل رزلٹ جاری کردیا۔ سرکاری اور نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ٹیسٹ 10 ستمبر کو لیا گیا تھا۔ یو ایچ ایس سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر سے ایم ڈی کیٹ میں مجموعی طور پر 65221 امیدواران نے شرکت کی۔ 54131 امیدواروں نے 50 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے۔
نتائج کے مطابق زیادہ سے زیادہ حاصل کردہ نمبر 193/200 یعنی 96.50 فیصد رہے۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی پالیسی کے مطابق میڈیکل میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ کے پاس مارکس 55 فیصد جبکہ ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہیں۔
ایم ڈی کیٹ کے نتائج یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ویب سائٹ www.uhs.edu.pk پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ امیدوار اپنا رول نمبر اور نام ڈال کر اپنا رزلٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔