بھاری بھرکم بجلی بلوں کیخلاف عوام تیسرے روز بھی سڑکوں پر، ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ

13

بجلی کے بھاری بھرکم بلوں پر پاکستان بھر میں عوام مسلسل تیسرے روز سراپا احتجاج ہیں، عوام کی جانب سے ناصرف بجلی کے بلوں کو نذر آتش کیا گیا بلکہ حکومت سے ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

بھاری بھرکم بجلی بلوں کے خلاف آج چھٹی کے روز بھی عوام سڑکوں پر نکلے اور نگران حکومت سے بجلی سستی کرنے کے ساتھ ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

لاہور، ملتان، سرگودھا، بہاولنگر، حافظ آباد، کمالیہ، رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

خانیوال جہانیاں روڈ پر بھی احتجاج کیا گیا جہاں راستہ نہ ملنے پر ایک کار سوار نے ہوائی فائرنگ کر دی جبکہ عوامی اشتعال کے پیش نظر میٹر ریڈرز رہائشی علاقوں میں جانے سے گریز کر رہے ہیں۔

ادھر اسلام آباد اور ملتان کے بعد پشاور کی الیکٹرک کمپنی نے بھی اسٹاف کی سکیورٹی کے لیے پولیس سے مدد مانگ لی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.