رینجرز نے بھارت سے اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی، 6 بھارتی شہری گرفتار
پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے 6 بھارتی سمگلروں کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جولائی تا 3 اگست دراندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی سمگلرگرفتار کیے گئے ہیں جو منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتاربھارتی شہریوں میں فیروزپور کے رہائشی گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ، وشال سنگھ شامل ہے جب کہ جالندھرکے رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا گروندر سنگھ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ گرفتار سمگلروں کے خلاف پاکستان میں غیرقانونی داخلے پر پاکستانی قوانین اور ریاست مخالف سرگرمیوں پر کارروائی ہوگی۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ بھارتی سمگلروں کی بی ایس ایف کے زیر نگرانی بارڈر سے بلاروک ٹوک نقل وحرکت حیران کن ہے، بھارتی بی ایس ایف کا سمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑبعیدازقیاس نہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے توقع ہے کہ بی ایس ایف بارڈر پر نگرانی کا مؤثر نظام سمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ ختم کرےگی۔