اعظم خان کا سائفر پر بیان حلفی، عمران خان کے وکیل کا ردعمل سامنے آگیا

67

سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے مبینہ دھمکی آمیز سائفر سے متعلق بیان حلفی پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اعظم خان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بیان ریکارڈ کراتے ہوئے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا اور کہا کہ سائفر کے معاملے پر تمام کابینہ ارکان کو ملوث کیا گیا اور تمام لوگوں کو بتایا گیا کہ سائفر کو کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے، سائفر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، سائفر کو صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، یہ ڈرامہ پری پلان بنایا گیا تھا۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے پہلے بطور وزیراعظم سائفر کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، بتایا جائے اعظم خان کس کی تحویل میں کس مقدمے میں گرفتار ہیں، گزشتہ ایک ماہ سے لاپتہ اعظم خان سے منسوب غیرمصدقہ بیان تضادات کا مجموعہ ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ اعظم خان کے بیان کی حقیقت تو ابھی طے ہونا باقی ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ اعظم خان 17 جون سے لاپتہ ہیں اور ان کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج ہے، وفاقی پولیس انہیں تلاش کرنے میں تاحال ناکام ہے، گمشدہ شخص کا مجسٹریٹ کے روبرو 164 کا بیان ماہرین قانون کی نگاہ میں ناقابل تصور ہے، اعظم خان کا مبینہ بیان بھی اسی سلسلے کی کڑی دکھائی دیتی ہے جس سے زیرِحراست افراد ”استحکام“ یا “پارلیمنٹیرینز“ کی صفوں میں سے برآمد یا پریس کلبز سے بازیاب ہوتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کا مزید کہنا ہے کہ لاپتہ شخص کے مبینہ 164 کے بیان کے مندرجات کا خلاف قانون افشا ایک الگ جرم ہے، چیئرمین پی ٹی آئی جبری گمشدگیوں اور غیرقانونی گرفتاریوں کے حقیقی محرکات بتا چکے ہیں۔

غیر ملکی سفیر نے بھی سائفر کی تصدیق کی ہے: وکیل چیئرمین پی ٹی آئی 

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کبھی سائفر جھوٹا ہو جاتا ہے اور کبھی کچھ ہو جاتا ہے، حکومتی افراد نے سائفر پر مختلف بیانات دیے ہیں، ان کے بیانیے سے معلوم ہوا کہ سائفر کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا سائفر کابینہ کے سامنے لایا گیا، اس کو منٹس میں شامل کیا گیا، غیر ملکی سفیر نے بھی سائفر کی تصدیق کی ہے، سائفر قومی اسمبلی میں لایاگیا اور کاپی چیف جسٹس کو بھیجی گئی، ڈونلڈ لو نے جنرل باجوہ کے لیے پیغام بھیجا کہ پی ٹی آئی حکومت کو چلتا کریں۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے اعظم خان کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان سے بھی سائفر معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

حماد اظہر کا کہنا تھا قومی سلامتی کمیٹی کے منٹس اور پریس ریلیز کو بھی انکوائری کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.