این ڈی ایم اے کی دریائے چناب میں متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

641

اسلام آباد۔(اے پی پی):پاکستان کمیشن انڈس واٹر(پی سی آئی ڈبلیو) اورفلڈ فورکاسٹنگ کمیشن(اکھنور) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ اپ اسٹریم میں سیلابی ریلے کا تیز بہائو ریکارڈ کیا گیا ہے جسکے باعث مرالہ میں آئندہ12 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہائو میں اضافے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کی طرف سے اتوار کی شب تازہ ترین اعدادوشمار پر مشتمل ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق مرالہ کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے۔

موجودہ سطح ایک لاکھ 70 ہزار کیوسک ہے اور درمیانے درجہ کی سیلابی صورتحال ہے۔ پانی کے بہائو میں اڑھائی لاکھ کیوسک کا اضافہ متوقع ہے جس سے اونچے درجے کی ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ اس کے پیش نظر این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور نشیبی علاقوں کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے، ضرورت پڑنے پر حساس علاقوں کو صورتحال پر فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

ممکنہ تیز بہائو کے پیش نظر پانی کو ریگولیٹ کرنے کے نظام کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ لنک کینال کے ذریعے پانی کو ریگولیٹ کیا جا سکے۔ این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں کی مانیٹرنگ اور اپ ڈیٹس کی صورتحال کو مقامی آبادیوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیا جائے اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں، ریسکیو 1122 اور مسلح افواج کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے۔\

Leave A Reply

Your email address will not be published.