وزیراعظم شہبازشریف کایونان میں کشتی حادثےمیں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونےکا سخت نوٹس،تحقیقات کیلئےچار رُکنی کمیٹی تشکیل،پیرکو یوم سوگ منانےکااعلان

339

لاہور/اسلام آباد۔(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کیلئے چار رُکنی اعلی سطح کمیٹی تشکیل دے دی ہے، وزیر اعظم نے کل پیر کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ، یوم سوگ کے موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے یونان میں 14 جون کو ہونے والے کشتی کے حادثے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لئے چار رُکنی اعلی سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چئیرمین مقرر کئے گئے ہیں جبکہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ)جاوید احمد عمرانی کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

بیان کے مطابق کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی اور انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا ، عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی ۔ مزید برآں فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیاجائے گا ، ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی ،کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی اور کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.