اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ، خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

318

اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ بہاول پور ،لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آ گئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔

زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث دیوار گرنے سے ایک خاتون جاں بحق
شدید زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے اور بھگدڑ کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں ایک خاتون جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی جس کے تلے دب کرخاتون جاں بحق ہوگئی۔

اس کے علاوہ سیدوشریف اسپتال سوات میں زلزلے میں زخمی 32 افراد لائے گئے ہیں جبکہ لوئر دیر میں ہی زلزلے کے دوران بھگدڑ کے دوران 7 افراد گر کر زخمی ہوگئے جنہیں تیمر گرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ہی شہر صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور آفٹر شاکس کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز ن بتایا کہ آفٹرشاکس 10بجکر 43 منٹ پر آئے ، زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا اور گہرائی 156 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر پولی کلینک اور پمز اسپتال میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔

اطلاعات کے مطابق حجرہ شاہ مقیم، پاکپتن، اوکاڑہ ، عارف والا، پھول نگر، پتوکی، کوٹ رادھا کشن، شاہکوٹ، چونیاں، قصور ، شیخوپورہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاکپتن کے شہریوں کا مؤقف ہے کہ اتنا شدید زلزلہ پہلے نہیں آیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.