ادویہ سازی صنعت کے مسائل حل کرنے کے لیے بینک آف پنجاب کو ہدایت کر دی ہے:وزیر صحت پنجاب

347

لاہور: ایکسپو سینٹر میں دو روز سے جاری پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش اختتام پذیر ہو گئی۔ نمائش کے دوسرے دن وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر پہنچنے پر نمائش کے منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ منیجمنٹ کامران عباسی نے وزیر صحت کا استقبال کیا۔

نمائش پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے تعاون سے پرائم ایونٹ کے تحت منعقد کی گئی۔ اس موقع پر آرگنائزر کامران عباسی نے انہیں دونوں ہالز میں قائم اسٹالز کا دورہ کرایا۔ اس دوران وزیر صحت نے نمائش کنندگان کے مسائل بھی سنے۔

وہ کانفرنس میں بھی شریک ہوئے اور اظہار خیال کیا۔ دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ملکی معاشی بحران سے فارماسیوٹیکل انڈسٹری بھی شدید متاثر ہے اور باہر سے رامیٹریل و دیگر آلات نہیں آ پا رہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے بینک آف پنجاب کو ہدایت دے دی گئی ہے۔ اب وہ سب کے ایل سی کھولے گا جس کا بھی کسی اور بینک کے ساتھ مسئلہ ہورہا ہے۔

وزیر صحت پنجاب نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزر کامران عباسی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر کامران عباسی نے بتایا کہ نمائش میں ادویہ سازی سے متعلق ایک سو سے زائد کمپنیوں نے اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی۔ اس دوران متعدد کمپنیوں کے بھاری مالیت کے معاہدے بھی طے پائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.