بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت پولو گراؤنڈ میں عید کی نماز کے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا

202

کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر پولوگراؤنڈ میں عید الاضحی کی نماز کے روایتی اجتماع کے لیے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں-

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان علی حسن ساجد کے مطابق گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں عید کی نماز کا اجتماع 1958ء سے منعقد کیا جا رہا ہے اور یہ شہر میں نماز عیدکا سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے جس کے لیے شایان شان انتظامات کیے جاتے ہیں اور یہاں ایڈمنسٹریٹر کراچی اور میونسپل کمشنر کراچی کے ساتھ مختلف اسلامی ممالک کے سفارتکار، منتخب عوامی نمائندے، اعلیٰ سرکاری حکام اور معززین شہر عید کی نماز ادا کرتے ہیں، اس سال بھی ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، میونسپل کمشنرافضل زیدی، صوبائی سیکریٹریز،مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ سابق اور موجودہ وفاقی و صوبائی وزراء، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ کراچی میں متعین اسلامی ممالک کے سفارتکاروں کی نماز عید کے اجتماع میں شرکت متوقع ہے۔

عیدالاضحی کی نماز کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جارہے ہیں، داخلی اور خارجی راستوں کو سجایا جارہا ہے جبکہ اطراف میں عالم اسلام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے اسلامی ممالک کے پرچم لہرائے جائیں گے،اس موقع پر نمازیوں کی سہولت کے لیے عید گاہ میں ہی وضو کا انتظام ہے، عید کی صبح خوشبو کا اسپرے کیا جائے گا، صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے لیے متعلقہ اداروں کی مشاورت سے خصوصی انتظامات جاری ہیں-

Leave A Reply

Your email address will not be published.