پیپلزپارٹی وعدوں کو وفا کرنے پر یقین رکھتی ہے، مرتضیٰ وہاب

208

کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی صرف وعدہ یا اعلان نہیں کرتی بلکہ وعدوں کو وفا کرنے پر یقین رکھتی ہے، کراچی میں گزشتہ چھ سات ماہ کے دوران مکمل ہونے والے منصوبے اس حقیقت کا ثبوت ہیں، کراچی کاسموپولیٹن شہر ہے، معاشرے کے ہیروز کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہتے ہیں، بوٹ بیسن کے علاقے میں دو جدید پارکس کی تزئین و بحالی بلاول بھٹو زرداری اور حکومت سندھ کی طرف سے علاقے کے عوام کے لئے عید کا تحفہ ہے-

بوٹ بیسن میں اگلے دو ماہ کے دوران مزید تین پارکس کی بحالی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے کام مکمل کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوٹ بیسن کلفٹن میں نوتزئین شدہ جسٹس رانا بھگوان داس پارک اور ڈاکٹر فریدون فریمروز سیٹھنا چلڈرن پارک کا افتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی سعدیہ جاوید، میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، صدر پاکستان پیپلزپارٹی ساؤتھ ڈویژن خلیل ہوت، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات کراچی ڈویژن شکیل چوہدری،ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ڈاکٹر عبدالستار، پروجیکٹ ڈائریکٹر کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ نذیر میمن اور دیگر بھی موجود تھے-

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان دونوں پارکوں کی بحالی اور تزئین کراچی نیبرہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت بوٹ بیسن اسٹریٹ کی ڈویلپمنٹ کا حصہ ہے جس میں مزید تین پارکوں کی بحالی بھی شامل ہے جسے آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لیں گے، انہوں نے کہا کہ عوامی جگہوں کو اقلیتی برادری کے ممتاز افراد کے ناموں سے منسوب کرنے سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، سابق چیف جسٹس رانا بھگوان داس اور ڈاکٹر فریدون سیٹھنا نے اپنے اپنے شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے-

انہوں نے کہا کہ کراچی نیبر ہڈ پروجیکٹ فیز ٹو میں شون سرکل تا بوٹ بیسن پورے علاقے کی اپ گریڈیشن اور بلاول چورنگی تک پیڈسٹرین ڈویلپمنٹ شامل ہے، پروجیکٹ کے تحت پانچ پبلک پارکس کی بحالی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر و مرمت کی جا رہی ہے،جدید طرز کے پارکس کی تعمیر سے بوٹ بیسن اور ملحقہ علاقے کے عوام کو بہترین تفریحی سہولیات ملیں گی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہری مقامات کو ماحول دوست بنا رہے ہیں، بوٹ بیسن کے علاقے میں تمام ترقیاتی کاموں میں اس بات کو پیش نظر رکھا گیا ہے ساتھ ہی ان منصوبوں میں شہریوں کی شمولیت کا بھی انتظام کیا گیا ہے-

انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے پروجیکٹ شہر کے دیگر حصوں صدر،گزری،کھارادر،ابراہیم حیدری،کورنگی،سعودآباد،شیرپاو کالونی،عمر کالونی،سومار کنڈیانی ولیج،کھوکھراپار،ملیر،سعودآباد،رام چندرن ٹیمپل روڈ اور دیگر جگہوں پر جاری ہیں،قبل ازیں پروجیکٹ ڈائریکٹر KNIP نذیر میمن نے بوٹ بیسن کے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پارکوں کے یہ پروجیکٹس فیز ٹو میں ترقیاتی پروگراموں کا حصہ ہیں جس میں فوڈ اسٹریٹ کی ترقی بھی شامل ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے تین اضلاع میں KNIP کے تحت متعدد پروجیکٹس جاری ہیں جن پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور ان کا مقصد کراچی کے شہریوں کو جدید دور کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ہے-

Leave A Reply

Your email address will not be published.