صحت و صفائی کی صورتحال بہتر بناکرجراثیم سے شہریوں کو حفاظت فراہم کی جاسکتی ہے ،مرتضیٰ وہاب
کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ احتیاطی اقدامات اور صحت و صفائی کی صورتحال بہتر بناکر خطرناک اور مضر صحت جراثیم سے شہریوں کو حفاظت فراہم کی جاسکتی ہے لہٰذا اس حوالے سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے، نگلیریاسمیت دیگر وبائی امراض سے بچاؤ اسی وقت ممکن ہوگا جب حکومتی سطح پر ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ خود شہریوں میں بھی اس حوالے سے شعور بیدار ہواور وہ خود اپنی اور اپنے گھر والوں کی صحت کی حفاظت کے لئے طبی اداروں کی طرف سے جاری کی گئیں احتیاطی تدابیر اختیار کریں-
انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن میں نگلیریا کے پھیلنے کا امکان ہے لہٰذا شہری ہر ممکن احتیاط کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز نے نگلیریا سے بچاؤ کے لئے طبی ہدایات جاری کردی ہیں جن کے مطابق نگلیریا فولری کے انفیکشن کا بڑا ذریعہ گرم اور تازہ پانی اور کلورین کے بغیر پانی کی فراہمی ہے جس کی وجہ سے ایسے پانی میں تیراکی، غسل اور وضو کے دوران اس کے جراثیم ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہو کر دماغی خلیوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہیں اور یہ عارضہ دو سے پندرہ دنوں میں شدید بیماری کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر کے طور پر جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں-
برساتی پانی کے کسی بھی جوہڑ یا تقسیم آب کی ٹوٹی ہوئی لائنوں سے رساؤ کی وجہ سے جمع ہونے والے پانی میں نہانے سے گریز کریں، دریا، تالاب، جھیل اور تفریحی مقامات پر سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے اپنے سر کو اونچا رکھیں، وضو اور غسل کے لئے ابلا ہوا پانی استعمال کریں،عام نزلے میں مبتلا ہونے یا ناک بند ہونے کے دوران کلورین ملے یا ابلے ہوئے پانی کے بغیر ناک کو دھونے سے گریز کریں-
نگلیریا انفیکشن سے بچنے کے لئے ایک ہزار لیٹر پانی میں ایک چمچہ بلیچ استعمال کریں، گھر میں بالائی اور زیر زمین پانی کی ٹنکیوں کی سال میں دو دفعہ صفائی کریں اگر کسی کو بخار، سر کا درد، گردن میں درد، متلی، بصارت میں کمزوری، نیند میں کمی جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں اور اپنے معالج کی دی ہوئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں-