کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی، 11 افراد جاں بحق، درجنوں دکانیں جل گئیں

22

کراچی:  راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

جناح ہسپتال کے حکام کے مطابق 9 میتوں کو جناح ہسپتال جب کہ ایک سول اور ایک کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات جناح ہسپتال کابتانا ہے کہ جاں بحق اورزخمی ہونے والے تمام مرد ہی ہیں جن کی عمریں  22 سے 43 سال تک ہیں۔ 

فائر بریگیڈ حکام  کے مطابق صبح 6 بجے لگنے والی آگ عمارت کی چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیلی جس وجہ سے درجنوں دکانیں جل گئی ہیں جب کہ کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ  دم گھٹنے کے نتیجے میں گیارہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دیگر 8 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، عمارت کے اندر مزید لوگوں کے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12 گاڑیاں، 2 اسنارکل اور تقریباً 50 فائر فائٹر کی مدد سے آگ بجھانے میں مصروف تھے جب کہ اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں دھواں بھرنےکے باعث آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، فائر بریگیڈ کے علاوہ ریسکیوکے دیگرادارے بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، تاہم عمارت میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی ہے۔

شاپنگ مال میں آگ کیسے لگی؟

فائر ریسکیو کمانڈر  ہمایوں خان کا بتانا ہے کہ عمارت میں آگ ممکنہ طورپر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، شاپنگ سینٹر میں آگ بجھانے کا نظام موجود نہیں تھا، سینٹرلی ائیرکنڈیشنڈ ہونے کے باعث ہوا کے اخراج کا راستہ نہیں تھا۔

فائر ریسکیو کمانڈر کا بتانا ہے کہ شاپنگ سینٹر میں کال سینٹر 24 گھنٹے کام کرتے ہیں،50 افراد کو ریسکیو کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.