سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائی،5مبینہ دہشت گرد گرفتار

339

لاہور: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) پنجاب نے کارروائی کر کے5مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے آئی جی پنجاب کی ہدایات پر ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے خفیہ اطلاعات پر صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 36آپریشنزکیے‘ جس میں 36 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ‘ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔

گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم داعش کا رکن محمد موسی‘لشکر جھنگوی کا رکن عبد الحنان تحریک طالبان پاکستان کا رکن رحمت علی‘اور سپاہ صحابہ پاکستان کے 2 ارکان معاویہ اور محمد عربی شامل ہیں۔ترجمان نے کہاکہ دہشت گردوں کے قبضے سے کالعدم تنظیم کی 3 کتابیں، 3 رسید بک،64 پمفلٹ، 20 اسٹیکرز، 1 موبائل فون اور 26710 روپے نقد برآمد کر لیے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ گرفتار دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات،دہشتگردانہ کاروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے‘پولیس نے گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف لاہور، شیخوپورہ اور بہاولپورمیں 4 مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہاکہ رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی پنجاب نے مقامی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی مدد سے صوبہ بھر میں مختلف شہروں میں 458 کومبنگ آپریشنز کئے گئے‘ان کومبنگ آپریشنز کے دوران21857 افراد کو چیک کیا گیا،97 مشتبہ افراد گرفتار‘52 ایف آئی آر درج جبکہ 25 بازیابیاں کی گئیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے جائے گی‘ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر کال کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.