چھوٹی ایکس چینج کمپنیوں کو کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی: گورنر سٹیٹ بینک

17

گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل بینکنگ وقت کی اہم ضرورت ہے، پانچ بینکوں نے ڈیجیٹل ریٹیلنگ میں بہت ترقی کی،ڈیجیٹل کرنسی پر بھی کام جاری ہے، فوری طور پر  اجراء کا ارادہ نہیں ہے۔

ڈیجیٹل بینکنگ کی تقریب سے خطاب میں گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں کے لیے سہولت پیدا ہوگی، صارفین کو سہولیات پہنچانے کے لیے بینک اپنی پالیسیوں کو مزید بہتر کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کرنسی پرکام جاری ہے،مختلف ملکوں کےماڈل دیکھ رہے ہیں،کئی ملکوں میں ڈیجیٹل کرنسیوں کے خدشات کو منیج کیاجا رہا ہے، فوری طور پر ڈیجیٹل کرنسی کے اجراء کا ارادہ نہیں، ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق خدشات کا جائزہ لے رہے ہیں.

گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ پانچ ڈیجیٹل بینکوں کو اصولی اجازت دی گئی ہے، ڈیجیٹل بینک اب اپنے سسٹمز اور انفرا سٹرکچر تیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی کاروبار کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے، آئندہ صرف ایک طرح کی ایکسچینج کمپنی کاروبار کرسکیں گی، نئی اور بڑی ایکسچینج کمپنیاں شفاف انداز میں کام کریں گی اور کسٹمرز کو بہتر خدمات میسر ہوں گی۔

گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے مزید کہا کہ بی کیٹیگری کمپنیوں کو اے کیٹیگری میں اپ گریڈ کرنے کا 30 روز کا  وقت دیا ہے، بی کیٹیگری کسی اے کیٹیگری میں ضم بھی ہوسکتی ہیں، اس کے علاوہ چھوٹی ایکسچینج کمپنیوں کو کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔

گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اپنے قواعد کے مطابق ایکسچینج کمپنیوں کو ریگولیٹ کر رہا ہے، بہت ساری ایکسچینج کمپنیوں کے لائسنس معطل کیے ہیں، بہت سی کمپنیاں بغیر لائسنس آپریٹ کر رہی تھیں ان کے خلاف سٹیٹ بینک ایکشن نہیں لے سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے، کالے دھن کو روکنے، روپے کی قدر کو بہتر بنانے اور مختلف قسم کی ادائیگیوں کے لیے حکومت نے ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈیجیٹل کرنسی کی قدر پاکستانی روپے کے برابر ہی ہوگی جیسے چین کی ڈیجیٹل کرنسی کا ایک یونٹ چینی یوآن کے برابر ہے اور اس کو سٹیٹ بینک کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔

یہ پیپر کرنسی کی طرح legal tender یعنی حکومتی ضمانت کی بنیاد پر جاری ہوں گے۔ ڈیجیٹل کرنسی کی تیاری کے لیے سٹیٹ بینک نے کام شروع کردیا ہے اور اس ضمن میں ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ 

Leave A Reply

Your email address will not be published.