مولانا فضل الرحمان کو منانے کیلئے شاہد آفریدی کو کس نے بھیجا؟

دونوں کی ملاقات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل، صارفین کے دلچسپ تبصرے سامنے آگئے

کراچی: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور معروف سیاستدان مولانا فضل الرحمان سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملاقات کی۔

ملاقات جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد سومرو کی کراچی میں موجود رہائش گاہ پر ہوئی۔

شاہد آفریدی کی مولانا فضل الرحمان سے پرتپاک انداز میں گلے ملنے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

جے یوآئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ مولانا فضل الرحمان اور شاہد آفریدی کی ملاقات میں علامہ راشد سومرو اور علامہ ناصر سومرو سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر دونوں کی ملاقات کی ویڈیو شیئر کی گئی تو ایکس صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جانے لگے۔

مذکورہ ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ ‘جب کچھ نہ بن پڑا تو مولانا کو منانے کے لیے شاہد آفریدی کو ان کے پاس بھیج دیا’۔

خیال رہے کہ حکومت کو 26ویں آئینی ترمیم کی پارلیمان سے منظوری کے لیے مطلوبہ ووٹس میسر نہیں چنانچہ گزشتہ دنوں حکومت اور اپوزیشن اراکین کو مولانا فضل الرحمان کے گھر پر چکر لگاتے دیکھا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قومی اسمبلی میں آٹھ جبکہ سینیٹ میں پانچ اراکین ہیں، لیکن آئینی ترامیم نے پارلیمنٹ میں 13 نشستیں رکھنے والی جماعت کو بڑی جماعتوں سے بھی زیادہ اہم بنا دیا ہے۔

CricketerJUIfMaulana Fazal Ur RehmanMeetingShahid AfridiVideos Viral
Comments (0)
Add Comment