ایوان صدر میں ہونیوالی بڑوں کی ملاقات میں کیا طے پایا؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی

ملاقات میں صدر آصف زرداری، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، وزیر اعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو زرداری شریک تھے

اسلام آباد: ایوان صدر اسلام آباد میں گزشتہ روز فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے موقح پر حکومتی اتحاد کے بڑوں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ایوانِ صدر میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے حوالے سے ہونے والی اے پی سی کے موقع پر اس ملاقات میں صدر آصف زرداری، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، وزیر اعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو زرداری شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئینی ترمیم، ملک کی سیاسی صورتِ حال اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت جمعیت کی مرکزی تنظیم موجود نہیں صرف میں اور غفور حیدری عہدہ رکھتے ہیں، میں تنظیم کے بغیر اکیلا فیصلہ نہیں کر سکتا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کے لیے جے یو آئی نے 80 فیصد مسودہ تیار کر لیا ہے، آئینی ترمیم کا مسودہ جلد مذاکراتی ٹیم کے حوالے کردیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کروائی اور جمہوریت کے فروغ کے لیے مولانا کی کوششوں کی تعریف کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں طے ہوا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کے مشترکہ مسودے کو ترجیح دی جائے گی، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی ٹیم اس ہفتے دوبارہ جے یو آئی کی ٹیم سے مشاورت کرے گی۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک نازک صورت حال سے گزر رہا ہے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

All Parties ConferenceAPCAsif Ali ZardariMaulana Fazal Ur RehmanNawaz SharifPresident HousePresident of Pakistan
Comments (0)
Add Comment