اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری حج سکیم کے لیے درخواست جمع کروانے والے تمام امیدواروں کو کامیاب قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق 3 دسمبر تک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں کامیاب قرار دے دی گئی، سرکاری حج کے لیے اب قرعہ اندازی نہیں ہوگی۔
سرکاری سکیم کے لیے حج درخواستین جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے۔ تاحال سرکاری سکیم کے لیے 63 ہزار400 سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
سرکاری حج کے لیے 89ہزار 605 کا کوٹہ رکھا گیا تھا جس میں سے تقریباً 26 ہزار افراد نے درخواستیں جمع نہیں کروائیں۔
درخواستوں کا مرحملہ مکمل ہونے کے فوراً بعد حج پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی اور پروازوں کے شیڈول کے مطابق مدینہ منورہ میں رہائش حاصل کی جائیں گی۔ سعودی عرب میں رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ اور مکاتب کی پروکیورمنٹ مکمل کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سرکاری حج سکیم کے لیے قرعہ اندازی 6دسمبر کو ہونا تھی۔
حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں 7 دن کی توسیع
علاوہ ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی ہے۔
ترجمان وفاقی وزارت مذہبی امورنے کہا کہ دور دراز علاقوں میں حج درخواستوں کے داخلے میں مشکلات کے باعث حج درخواستوں میں توسیع کی جا رہی ہے اور اب سرکاری حج سکیم میں درخواستیں 10 دسمبر تک نامزد بینکوں میں جمع کرائی جا سکیں گی۔
وزیرمذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا کہ کوٹہ سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی اورسمندر پار پاکستانی 10 دسمبر تک سپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں۔
انہوں نے کہا کہ سپانسرشپ سکیم میں موصول درخواست گزاروں کو بلا قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔
وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ وزارت کی ویب سائٹ پر آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے حج درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے اورعازمینِ حج کو نئی ہدایات کے لیے پاک حج موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا کہا گیا ہے۔