بورے والا (سید ساجد حسین نقوی) ضلع وہاڑی میں نئی تعینات ہونے والی ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر نے اپنے دفتر کا چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد اپنے دفتر سے ملحقہ سائلین کی انتظار گاہ کا دورہ کیا اور سپرنٹنڈنٹ ایڈمن، ڈسٹرکٹ ناظر سے ملاقات کی ۔
عمرانہ توقیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم سب کو ایک ٹیم بن کر ضلع کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب کے گورننس انیشیٹوز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، ضلع وہاڑی پنجاب کا بڑا اور اہم ضلع ہے، عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی میری ترجیحات میں ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے گورننس انیشیٹوز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کے کے پی آئیز، ڈینگی کی روک تھام، پرائس کنٹرول، ستھرا پنجاب صفائی پروگرام، سبزی و پھل منڈیوں میں مانیٹرنگ میکنزم پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائیں، عوامی مفادات کے امور پر غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی کمشنر دفتر کی مختلف برانچوں کے انچارج افسران سے ملاقات بھی کی اور انہیں ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور گورننس بہتری کے پی آئیز پرعملدرآمد کرائیں، ڈپٹی کمشنر آفس میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل حل کریں۔
عمرانہ توقیر نے مزید کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام الناس کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، سائلین کی جلد داد رسی حکومتی پالیسی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت گورننس کی بہتری اورحکومتی خدمات کی فراہمی کو مزید آسان اور بہتر بنایا جائے گا۔