لندن: انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بابر اعظم کو انگلینڈ کے خلاف ڈراپ کیے جانے کے فیصلے پر پی سی بی کو کھری کھری سنا دیں ۔
اتوار کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان سکواڈ کا اعلان کیا گیا جس میں سے بابراعظم، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے پر مائیکل وان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کی اور پی سی بی پر شدید تنقید کی۔
مائیکل وان نے اپنی ٹوئٹ میں طنزیہ لکھا ‘پاکستان انگلینڈ سے پہلا میچ نہیں جیت سکا تو بورڈ نے ملک کے بہترین کھلاڑی کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا’۔
سابق انگلش کپتان نے بابر اعظم کو بھی ٹیگ کیا اور کہا ‘مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ سرپرائزز سے بھرپور ہے لیکن یہ فیصلہ سرِ فہرست ہے، یہ انتہائی احمقانہ فیصلہ ہے البتہ اگر بابراعظم نے خود بریک مانگی ہے تو پھر قابلِ قبول ہے’۔
اس سے قبل فخر زمان نے بھی پی سی بی کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے ویرات کوہلی کو تین سال خراب فارم کے باوجود ڈراپ نہیں کیا، انہیں بنچ پر نہیں بٹھایا گیا۔
پاکستانی اوپنر نے کہا کہ بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کی خبریں باعث تشویش ہیں،پاکستان کے بہترین بیٹر کو ڈراپ کرنے سے منفی پیغام جائے گا۔