پی ٹی آئی اپنا احتجاج ملتوی کرے، کل ڈی چوک آنے والا ہتھے چڑھ گیا تو نرمی نہیں برتیں گے: وزیر داخلہ

وزیراعلیٰ پختونخوا کو یہ زیب نہیں دیتا، ہم خبردار کررہے ہیں پھر کوئی شکوہ نہ کرے: محسن نقوی کی پریس کانفرنس

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم یہاں موجود ہیں پی ٹی آئی اپنا احتجاج ملتوی کرے، کسی ملک کا وزیراعظم آپ کے ملک میں ہو اور آپ کہیں ہم اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے تو یہ ٹھیک نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے نرمی کی توقع نہ رکھیں،اس وقت ملائشیا کے وزیراعظم پاکستان میں ہیں ایس سی او بھی پاکستان میں ہورہی ہے، پی ٹی آئی کو کہوں گا کسی ملک کا صدر آپ کے ملک میں ہو اور آپ کہیں ہم اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے تو یہ ٹھیک نہیں ہے کیوں کہ ملائشین وزیراعظم آپ کے ملک میں ہیں اور آپ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشین وزیراعظم کے پروٹوکول میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے ہم اس طریقے سے کسی جلسے کی اجازت نہیں دیں گے، کسی ملک کا سربراہ شہرمیں موجود ہو اور آپ شہر پردھاوا بولیں تو آپ کس کے مفاد کے لیے کام کررہے ہیں؟ بھارتی وزیراعظم لاہور میں تھے اور ایک چھوٹا سا واقعہ ہوا اور وہ ابھی تک ہمیں خراب کرتا ہے۔

انہوں ںے کہاکہ کوئی ڈی چوک آنے کی بات کرے تو جو ہاتھ چڑھے گا اس کے ساتھ کوئی نرمی نہیں ہوگی وزیراعلیٰ پختونخوا کو یہ زیب نہیں دیتا، اگر کل کوئی اسلام آباد میں احتجاج کرے گا تو ہم نے اس کے لیے پورا بندوبست کیا ہوا ہے ہم خبردار کررہے ہیں پھر کوئی شکوہ نہ کرے۔

انہوں ںے کہا کہ سعودی وفد پاکستان آرہا ہے ہم نے آرمی کو اسلام آباد میں تعینات کردیا ہے ہمیں ہر صورت سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے، انہیں بطور پاکستانی یہ زیب نہیں دیتا مولانا فضل الرحمان نے درخواست کی ہے احتجاج کو موخر کردیں اگر موخر نہیں کریں گے تو پھر سٹیٹ موجود ہے، مولانا سے 25 سال کا تعلق ہے، کسی کی خواہش پرختم نہیں کرسکتا۔، سیاسی کارکن کل نکلنے سے پہلے دس دفعہ سوچیں بعد میں ہم سے شکوہ نہ کریں 17 اکتوبر تک ہم نے اپنی حکمت عملی بنالی ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ چینی وفود بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں جس کے لئے ہم نے سکیورٹی کے پیشگی انتظامات کرلئے ہیں، کنٹینرز کھڑے کرنا ہماری مجبوری ہے، فوج اورپیراملٹری فورسز کو اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے، احتجاج کو روکنے کے لیے ہرحد تک جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل ہم نے کچھ لوگ پکڑے ہیں وہ کس طرح تیاری کررہے تھے، پکڑے جانے والوں کے پاس غلیل، پتھر،کیل والے ڈنڈے پکڑے گئے ہیں، اگرصرف احتجاج ہوتوایسی پلاننگ نہیں ہوتی۔

D ChowkInterior MinisterIslamabadMohsin NaqviPTI ProtestSCOShanghai Cooperation Organisation
Comments (0)
Add Comment