پی این آر اے وفد کی چیف سیکرٹری سندھ سے ملاقات،متعلقہ اداروں میں رابطہ بہتر بنانے پر غور

صوبے میں نیوکلیئر سیفٹی کو منظم کرنے کے لیے پی این آر اے کی انتھک کوششوں کی تعریف

کراچی: پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) کے وفد نے چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی، ملاقات کا مقصد متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانا تھا، ملاقات میں کمشنر کراچی، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری بحالی، ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122، ڈی جی سیپا، ڈپٹی کمشنر کیماڑی اور دیگر اہم متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ملاقات میں پی این آر اے کے وفد نے اپنی ریگولیٹری سرگرمیوں کا جامع جائزہ پیش کیا، اور اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنا اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطے کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیے گئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) اور دیگر حفاظتی پروٹوکولز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے صوبے میں نیوکلیئر سیفٹی کو منظم کرنے کے لیے پی این آر اے کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پی این آر اے، ضلعی انتظامیہ، اور ریسکیو 1122 کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ آپریشنز کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا جا سکے۔ انہوں نے کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر کیماڑی اور پی ڈی ایم اے کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تعاون کو مضبوط کریں اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو بہتر بنائیں۔

چیف سیکریٹری سندھ نے ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے عملے کے لیے جاری تربیتی اور آگاہی پروگراموں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے پی این آر اے کو ہدایت کی کہ وہ ان تربیتی سیشنز کا اہتمام کریں تاکہ تمام عملہ ضروری علم اور وسائل سے مکمل طور پر لیس ہو کر اعلیٰ حفاظتی اور آپریشنل معیار کو برقرار رکھ سکے۔

Chief Secretary SindhGovernment AgencyPakistan Nuclear Regulatory AuthorityPNRA
Comments (0)
Add Comment