اسلام آباد:قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کا یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہو گیا، جس کی پہلی ہی پرواز پر مسافروں کا دیکھنے میں آیا اور طیارے کی تمام نشستیں بُک تھیں۔
قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 749 نے پیرس کے لیے اڑان بھرلی، پیرس جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز میں 323 مسافر سوار ہیں، یورپ کے لیے قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہوا ہے۔
پی آئی اے کے بوئنگ 777 کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں پی کے 749 پرواز 12 بجے پیرس کے لیے روانہ ہو گئی۔ وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے پرواز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی جی سول ایوی ایشن، سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات اور فرانسیسی سفارت خانے کے حکام بھی شریک تھے۔
ساڑھے 4 برس بعد یورپ کے لیے آپریشن بحال ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کے منافع بخش روٹس بند ہو گئے تھے، ہم چاہیں گے کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کی جائے۔
ان کا کہنا تھاکہ فرانس ،اٹلی ، ناروے اور اسپین میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہے، قومی ایئر لائن ہماری شناخت ہے جس سے ہم محروم کر دیے گئے تھے، پیرس جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز کی 100 فیصد بکنگ ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو زیادہ دیر نہیں لگے گی ، کوشش کریں گے جلد نجکاری ہو جائے اور دیگر کمرشل ائرلائنز کی طرح مقابلہ ہو۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن پاکستانیوں کی میتیں بغیر کسی چارجز کے مفت لے کر آتی تھی لیکن فلائٹ آپریشن بند ہونے سے اوورسیز پاکستانی اس سہولت سے محروم ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے یورپ کے لیے قومی ایئر لائن کی پروازیں بحال ہو گئی ہیں، یورپ کی فضاؤں میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم لہرانا شروع ہو گیا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک غیر ذمہ دار بیان نے قومی ایئر لائن کو بہت نقصان پہنچایا، ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر ہوابازی کے بیان نے تباہی مچا کر رکھ دی تھی۔ ساڑھے 4 سال تک پاکستانی باہر سے مہنگا سفر کرنے پر مجبور تھے، ہمیں عالمی معیار پر پورا اترنے پر فخر ہے،جلد برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کا آغاز بھی کریں گے ۔