پاکستان کی بیٹنگ لائن فلاپ، بنگلا دیش نے تاریخی فتح سمیٹ لی

بنگالی بالرز مہدی حسن، شکیب الحسن نے بالترتیب چار اور تین وکٹیں لے کر پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا

راولپنڈی: بنگلہ دیش نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کی بدولت گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے دی۔

اتوار کو دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کو 146 پر آؤٹ کرنے کے بعد، بنگلہ دیشی اوپنرز ذاکر حسن 15 اور شادمان اسلام  9 (ناٹ آؤٹ) نے شان مسعود الیون کی جانب سے دیا گیا 30 رنز کا ہدف محض 6.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔

آج کی جیت کے ساتھ نجم الحسین شانتو الیون نے تاریخ کی کتابوں میں جگہ بنا لی ہے کیونکہ یہ ریڈ بال کرکٹ میں بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف پہلی جیت ہے۔

اس سے قبل آج گرین شرٹس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 23 سکور پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، آج اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہوئے، پاکستانی بلے بازوں میں شان مسعود 14، بابر اعظم 22، سعود شکیل 0، سلمان علی آغا 0، عبداللہ شفیق 37 رنز کے ساتھ مہمان ٹیم کے خلاف زیادہ مزاحمت کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستانی بلے بازوں نے لگاتار اپنی وکٹیں گنوائیں۔

اگرچہ محمد رضوان (51) نے دلیرانہ کوشش کی لیکن مہدی حسن کے ہاتھوں بولڈ ہونے کے بعد وہ بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

نسیم شاہ 3، شاہین آفریدی 2 اور محمد علی (0) بنگلہ دیشی گیند بازوں کو زیادہ دیر تک روک نہ سکے اور بالآخر قومی ٹیم 146 پر ڈھیر ہوگئی۔

ہفتے کے روز، مہمان ٹیم نے چوتھے دن 117 رنز کی برتری حاصل کی جب انہوں نے پاکستان کے 448/6 کے جواب میں 565 رنز بنائے اور مشفق الرحیم نے 341 گیندوں پر 191 رنز سکور کیے۔

دن کا آغاز مہمان ٹیم نے 92 اوورز میں 316-5 پر کیا۔ کریز پر رحیم (122 گیندوں پر 55) اور لٹن داس (58 گیندوں پر 52) کے ساتھ موجود تھے۔

کھیل دوبارہ شروع ہونے کے فوراً بعد، نسیم شاہ نے داس کو رضوان کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

تاہم، مشفیق الرحیم  جمے رہے اور شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے جاری ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے۔

مشفیق الرحیم اور حسن نے شاندار شراکت داری کرکے پاکستان کو بیک فٹ پر ڈال دیا۔ رحیم اپنی چوتھی ڈبل سنچری سکور کرنے والے تھے لیکن نو رنز کی کمی سے وہ ڈبل سنچری نہ بنا پائے ۔

مشفیق الرحیم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کی اننگز سمیٹ دی۔ شاہین آفریدی نے محمود اور مہدی کو ہٹا دیا جبکہ نسیم شاہ کو اسلام کی وکٹ ملی جنہوں نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023۔25 کے حصے کے طور پر کھیلے جا رہے ہیں۔ لہٰذا دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر کارکردگی دکھانے اور اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔

دونوں ٹیمیں اب تک چھ ٹیسٹ سیریز میں 13 میچوں میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے 12 میں پاکستان فاتح رہا اور ایک ٹیسٹ میچ ڈرا پر ختم ہوا۔

دونوں ٹیمیں اب ایک بار پھر اسی مقام پر 30 اگست سے 3 ستمبر تک دوسرے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

Green ShirtsPakistan Bangladesh Test Match SeriesRawalpindi Cricket StadiumTigersWorldWorld Test Match Championship
Comments (0)
Add Comment