اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں وزیراعظم و دیگر کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ۔
24 نومبر احتجاج کے تناظر میں پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ اس حوالے سے بیرسٹر گوہر کی وساطت سے اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ میں کریمنل کمپلینٹ دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ اسی طرح آئی جی ، ایس ایس پی ، ڈی آئی جی و دیگر کے خلاف بھی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
سردار لطیف کھوسہ نے بیرسٹر گوہر کے ذریعے دائر کمپلینٹ میں 38 زخمی پی ٹی آئی کارکنوں کی فہرست بھی منسلک کی ہے۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے 139 لاپتا کارکنوں کی لسٹ بھی ساتھ لگائی گئی ہے۔
استغاثہ میں استدعا کی گئی ہے کہ کریمنل کمپلینٹ منظور کر کے وزیراعظم سمیت دیگر فریقین کو طلب کیا جائے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے 2 وزیر اور 2 ارکان صوبائی اسمبلی کو بھی بطور گواہ شامل کیا گیا ہے۔ کمپلینٹ میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرکے بلایا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔