وہاڑی میں یوم استحصال کشمیر ریلی کا انعقاد، بھارتی مظالم کی مذمت

ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے کی، ایم پی اے میاں ثاقب خورشید ،ضلعی افسران ، سول سوسائٹی سمیت شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت

وہاڑی (سید ساجد حسین نقوی) یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وہاڑی میں ریلی کا انعقاد کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔

ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے کی۔ ریلی میں ایم پی اے میاں ثاقب خورشید ،ضلعی افسران ، سول سوسائٹی ، وکلاء ، انجمن تاجران ، میڈیا سمیت دیگر تمام سٹیک ہولڈرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے قومی اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ شرکاء نے بھارتی مظالم کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر، 5 اگست تاریخ کے سیاہ ترین دن کے طور پر منایا جا رہا ہے، بھارتی حکومت نے آرٹیکل 370  اور 35 A  کو منسوخ کرکے  کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ آج بھی  کشمیر کی دھرتی  شہداء کے خون سے لال ہورہی ہے، بھارتی فوج کے غاصبانہ قبضہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہر پلیٹ فارم سے آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور شہری کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اقوام عالم کشمیر میں بھارتی فوج کے محاصرہ کا نوٹس لے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق بحال کئے جائیں، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشاء میں امن کا قیام ناممکن ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کیا جائے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

ممبر پنجاب اسمبلی میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے، کشمیر میں بھارتی فوج کے ظالمانہ اقدام اقوام متحدہ کے بنیادی حقوق کے عالمی چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہے، بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے، کشمیری عوام کو  حق خود ارادیت دیا جائے ۔

ایس پی انوسٹی گیشن فاروق احمد نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کرنا ہے ، قوام متحدہ کشمیر کے مسئلہ کو حل کرانے میں سنجیدگی دکھائے۔

ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو محمد طیب خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل عبدالجبار،اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عائشہ خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

AJKBlack DayEveryoneactiveHuman RightsProtestSolidarityVehariYoum-e-Istehsal Kashmir
Comments (0)
Add Comment