پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پرعملدرآمد ، جسٹس منیب ججز کمیٹی سے باہر ،جسٹس امین شامل

رجسٹرار سپریم کورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، جسٹس امین الدین خان سنیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کے بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر فوری عملدرآمد شروع ہوگیا۔

جسٹس منیب اختر تین رکنی ججز کمیٹی سے باہر ہوگئے اور چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے جسٹس امین الدین خان کو کمیٹی رکن نامزد کردیا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ جسٹس امین الدین خان سنیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

تین رکنی ججزکمیٹی بینچزکی تشکیل اور انسانی حقوق کےمقدمات کاجائزہ لیتی ہے۔

تین رکنی ججز کمیٹی میں چیف جسٹس کے علاوہ سینئرترین جج جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین رکنی ججز کمیٹی کا اجلاس پیر کو بلائے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد صدر مملکت آصف زرداری نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کیے تھے جس کے بعد وہ نافذ ہوگیا تھا۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 2 کی ذیلی شق ایک کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی مقدمات مقرر کرے گی، کمیٹی چیف جسٹس، سینئر ترین جج اور چیف جسٹس کے نامزد جج پر مشتمل ہو گی۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس پیر کو متوقع ہے جبکہ گزشتہ روز کے اجلاس میں آرٹیکل 63- اے نظرثانی اپیلیں ایجنڈے میں شامل تھیں لیکن اجلاس مؤخر کردیا گیا تھا۔

Chief Justice of PakistanChief Justice Qazi Faiz IsaJudges CommitteeJustice Amin-Ud-Din KhanJustice Munib Akhtar.Practice and Procedure Amendment Ordinance 2024
Comments (0)
Add Comment