ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ کا 8 ججز کے وضاحتی بیان سےلاعلمی کا اظہار، رجسٹرارکو نوٹ لکھ دیا

سپریم کورٹ نے وضاحتی آرڈر جاری کرنے سے پہلے نوٹس جاری کیا نہ ہی کاز لسٹ جاری کی گئی: ڈپٹی رجسٹرار

اسلام آباد: مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے 8 ججز کی وضاحت سے متعلق اہم انکشاف سامنے آگیا۔

ڈپٹی رجسٹرار نے اعتراض اٹھایا ہے کہ 14 ستمبر کو 8 ججز کی وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر تو جاری کی گئی، لیکن رات 8 بجے تک سپریم کورٹ کو وصول ہی نہ ہوئی جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ نے وضاحتی آرڈر جاری کرنے سے پہلے نہ نوٹس جاری کیا نہ ہی کاز لسٹ جاری کی گئی۔

ڈپٹی رجسٹرار نے 8 ججز کی جانب سے جاری وضاحت پر رجسٹرار سپریم کورٹ کو نوٹ لکھ دیا۔ نوٹ پورا معاملہ رجسٹرار سپریم کورٹ کے علم میں لانے کیلئے لکھا گیا۔

ڈپٹی رجسٹرار نے نوٹ میں کہا کہ میڈیا پر خبریں چل رہی ہیں کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کے فیصلے پر کوئی وضاحت جاری کی ہے، لیکن اس کی نہ تو کاز لسٹ جاری کی گئی اور نہ ہی الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست پر متعلقہ فریقین کو رجسٹرار آفس کی جانب سے کوئی نوٹسز جاری کیے گئے۔

ڈپٹی رجسٹرار نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی متفرق درخواست پر وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر تو جاری کی گئی، لیکن یہ وضاحت سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کو رات 8 بجے تک وصول نہیں ہوئی۔

ڈپٹی رجسٹرار نے یہ لیٹر 14 ستمبر کو رجسٹرار سپریم کورٹ کو لکھا۔

خیال رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دیا تھا۔

13 رکنی فل کورٹ بینچ کے 5-8 کی اکثریت کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت تھی اور ہے، پی ٹی آئی خواتین اور اقلیتی نشستوں کی حقدار ہے، انتخابی نشان نہ ملنے سے کسی سیاسی جماعت کا انتخابات میں حصہ لینے کا حق ختم نہیں ہوتا۔

گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں الیکشن کمیشن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواستوں پر وضاحت میں کہا  کہ 12 جولائی کے فیصلے میں کوئی ابہام نہیں ہے، سپریم کورٹ کا 12 جولائی کا شارٹ آرڈر بہت واضح ہے اور الیکشن کمیشن نے اس حکم کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنایا ہے، فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج ہوں گے۔

وضاحت میں کہا گیا کہ بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی اور عمر ایوب کو سیکریٹری جنرل تسلیم کیا جاچکا۔

8 Judges StatementDeputy RegistrarECPElection Commission Of PakistanNotePTI reserved Seats VerdictSupreme Court
Comments (0)
Add Comment