وہاڑی (سید ساجد حسین نقوی) ڈی پی او وہاڑی منصورامان نے جامعہ غوثیہ مسجد کوٹ پل لڈن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، ڈی پی او نے مسجد میں موجود شہریوں کے مسائل سنے اور شکایات کے ازالہ کے لیے ایس ایچ او کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او منصور امان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے میں کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت حامل ہوتا ہے، مشکوک افراد اور مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پرمقامی پولیس کواطلاع دیں تاکہ اس کا بر وقت انسداد کیا جا سکے۔
ڈی پی او وہاڑی کا مزید کہنا تھا کہ جرائم کی بیخ کنی کے لئے چکوک میں ٹھیکری پہرہ کے نظام کو فعال کیا جائے اور اس کی تصاویر گروپ میں شیئر کی جائیں، انصاف کی دہلیز پر فراہمی کے لئے مساجد میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔