آئینی ترمیم کا معاملہ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے واپسی تک مؤخر، قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی

مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے اعتراضات اور تجاویز کے باعث آئینی ترامیم منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش نہ کی جا سکیں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ امریکا سے واپسی تک آئینی ترمیم کا معاملہ مؤخر، قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے رواں ہفتے نیویارک جائیں گے، وزیراعظم کے دورہ امریکا کے باعث آئینی ترمیم کا معاملہ فی الحال مؤخر کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی امریکا سے واپسی تک دوبارہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والا کابینہ اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا تھا، کابینہ اجلاس میں آئینی ترامیم کی منظوری دی جانی تھی، مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر کابینہ اجلاس ملتوی کیا گیا۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی

ادھر آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے اتوار کو رات دیر گئے تک جاری رہنے والا قومی اسمبلی اور گزشتہ روز 3 بار وقت کی تبدیلی کے باوجود نہ ہونے والا سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ تک ملتوی کر دیا گیا۔

سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججز کی مدت ملازمت میں اضافے اور نئی آئینی عدالت کے قیام سمیت دیگر ترامیم کی منظوری کے لیے گزشتہ روز قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کیے گئے تھے تاہم مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے اعتراضات اور تجاویز کے باعث آئینی ترامیم منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش نہ کی جا سکیں۔

دوسری جانب سینیٹ کے اجلاس کے لیے بھی گزشتہ روز تین مرتبہ وقت تبدیل کیا گیا لیکن قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہوا تو اس کے بعد سینیٹ کے حکام آئے اور انہوں نے بتایا کہ اجلاس کل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے آئینی کمیٹی کے بھی گزشتہ روز 4 اجلاس ہوئے جس میں تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاہم کسی متفقہ نتیجے پر نہ پہنچنے کے باعث رات گئے سپیکر نے اجلاس آج بروز پیر تک کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔

آج بھی آئینی ترامیم پر تمام جماعتوں کی رضا مندی نہ ہونے کے باعث پہلے سینیٹ اور پھر قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

سینیٹرعرفان صدیقی کی مجوزہ آئینی ترمیم غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کی تصدیق

ادھر لیگی رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے مجوزہ آئینی ترمیم غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترمیم آنے میں ہفتہ دس دن بھی لگ سکتے ہیں،اگر ترمیم نہیں بھی آئی تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا آئینی ترامیم کا پارلیمنٹ سے منظور نہ ہونا حکومت کی ناکامی ہے، آئینی ترامیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کی جیت ہوئی ہے، آئینی ترامیم کا معاملہ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

Constitutional AmendmentOppositionParliamentParliament Session postponePrime MinisterShahbaz Sharif
Comments (0)
Add Comment