چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر حکومت کے اوپنر بلے باز ہیں: عمران خان

پریکٹس پروسیجر کمیٹی پر جسٹس منصور علی شاہ کا مؤقف بالکل ٹھیک ہے، ان کی تمام حرکات مفادات کا ٹکراؤ ہیں: بانی پی ٹی آئی

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پریکٹس پروسیجر کمیٹی پر جسٹس منصور علی شاہ کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر حکومت کے اوپنر بلے باز ہیں۔

چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر انکے اوپنر بلے باز ہیں

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے سب واضح ہو گیا، چیف الیکشن کمشنر جانبدار امپائر ہی نہیں بلکہ ان کی ٹیم کا اوپنر بلے باز ہے، قاضی عیسیٰ دوسرا بلے باز ہے، ان کی تمام حرکات مفادات کا ٹکراؤ ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ انہیں دو تہائی اکثریت مل جائے اورامپائروں کو توسیع ملے، واضح ہوگیا کہ قاضی فائز عیسیٰ لندن پلان کا حصہ تھا،اس نے قوم کے ساتھ فراڈ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری 9 مئی اور 8 فروری کی درخواستیں قاضی فائز عیسیٰ نے نہیں سنیں، بلکہ اس نے ہماری چار نشستیں کم کر دیں، ہرحربے کے ذریعے ہماری نشستوں کو کم کیا جا رہا ہے، ہماری کوئی بھی پٹیشن نہیں سنی جا رہی سب کچھ بے نقاب ہو گیا ہے۔

تھرڈ امپائر انکی پشت پر ہے اسکو بھی توسیع ملے گی

عمران خان کا کہنا تھا کہ تھرڈ امپائر ان کی پشت پر ہے اس کو بھی توسیع ملے گی، یہ ایک گروپ بنا ہوا ہے، نیب ترامیم کا کیس چل رہا تھا تب بھی کہا لیکن ہمیں نہیں سنا گیا،الیکشن سے پی ٹی آئی کو باہر رکھنا اور پارٹی کو اڑا دینا انکی کوشش تھی، اب سب بے نقاب ہوچکا ہے سارے پردے ہٹ چکے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ زبردست ججز راستے میں آئے مگر ان کو ہٹا دیا گیا ، اعجاز الاحسن اور مظاہر نقوی کو قاضی فائز عیسیٰ نے باہر کر دیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ خود قاضی فائز نے بنوایا اور پھر تبدیل کر دیا، چیف جسٹس اس قانون سازی سے اپنی ڈکٹیٹرشپ قائم کرنا چاہتا تھا، اس قانون سازی سے جمہوری طریقے سے کیس لگنے کی خلاف ورزی کی گئی، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے حوالے سے منصور علی شاہ نے بالکل ٹھیک مؤقف اختیار کیا۔

ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کرینگے، اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کرینگے

انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر حملے کے خلاف جمعرات کو احتجاج کریں گے ، جمعہ کو ہمارا اپنا احتجاج ہے اور ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے، اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے، ماتحت عدلیہ مکمل طور پران کے کنٹرول میں ہے، جو جج کنٹرول نہیں ہوتا اس کو ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے، جج نو مئی کے مقدمات کا فیصلہ دینے لگا تو اس کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔

دنیا میں کہیں بھی فوجی افسر کی تعیناتی پر خبریں نہیں چھپتیں

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی خبریں ہیڈ لائین بنتی ہیں، دنیا میں کہیں بھی فوجی افسر کی تعیناتی پر خبریں نہیں چھپتیں، یہ صرف ہمارے ملک میں ہوتا ہے حالانکہ انکا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہوتا ، پاکستان مکمل طور پر پولیس سٹیٹ بن چکا ہے، یہ وہ مارشل لاء ہے جو ضیا اور مشرف کے مارشل لاء سے بھی سخت ہے، مشرف کے دور میں بڑے بڑے جلسے کیے لیکن کبھی ہمارے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔

Chief Election CommissionerDG ISIElection Commission Of PakistanImran KhanJustice Mansoor Ali ShahPractice and Procedure Amendment Ordinance 2024PTI
Comments (0)
Add Comment