علی امین گنڈاپور کو کل رات اسٹیبلشمنٹ نے اٹھایا،مذاکرات کے دروازے بند کر دیے: عمران خان

گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، علی امین کے بیان پر معافی مانگنے والا بزدل ہے: بانی پی ٹی آئی

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ وہ  آج سے اسٹیبلشمنٹ  سمیت کسی فریق سے بھی مذاکرات کے دروازے  بند کر رہے ہیں، میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، علی امین کے بیان پر معافی مانگنے والا بزدل ہے اسے پارٹی میں نہیں ہونا چاہیے وہ پارٹی چھوڑ دے۔

اڈیالا جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے 6 پارٹی رہنماؤں کو اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کی اجازت دے رکھی تھی۔

لاہور  جلسے کے بارے میں عمران خان نےکہا کہ 21  ستمبر کے جلسے اجازت ملے یا نہ ملے 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو کل رات اسٹیبلشمنٹ نے اٹھایا، ایک صوبے کے وزیراعلی کو اٹھا کر آپ نفرتیں بڑھا رہے ہیں، خیبر پختون خوا کے وزیراعلی کے ساتھ ایسا کرکے ملک کو تباہی کی جانب لے جا رہے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ علی امین گنڈاپور کے بیانات سے بغاوت کا تاثر جاتا ہے کہ آپ بغاوت کی ترغیب دے رہے ہیں؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ ہم نے کون سی بغاوت کی ہے؟ علی امین گنڈا پور نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے اور میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، پہلے ہی بلوچستان آپ کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔

ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ علی امین گنڈاپور کی تقریر پر آپ کے پارٹی رہنما معافیاں مانگ رہے ہیں؟ اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا علی امین گنڈا پور کے بیان پر معافی مانگنے والے بزدل اور  ڈرپوک ہیں ان کو پارٹی میں نہیں ہونا چاہیے۔

فیصل واوڈا سے متعلق سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فیصل واوڈا کن کا ماؤتھ پیس ہے سب کو پتا ہے، آپ ارشد شریف قتل کیس کا اوپن ٹرائل کرلیں سب سامنے آجائےگا۔

Adiala JailAli Amin GandapurChief Minister KPKestablishmentImran KhanPTI Founder
Comments (0)
Add Comment