پاک چین اکنامک کوریڈور کے تحت چین کی جانب سے تعمیر کیے گئے نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح میں مزید 6 ماہ تاخیر سامنے آئی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے بتایا کہ نئے گوادر ایئرپورٹ کا افتتاح رواں ماہ ہونا تھا تاہم اس میں تکنیکی بنیادوں پر تاخیر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کا ساز و سامان اور تیکنیکی آلات چین سے پاکستان پہنچنے میں تاخیر ہو رہی ہے، بحری راستے سے چین سے گوادر آنے والا سامان رواں ماہ پہنچنے کی توقع ہے۔
خاقان مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ چینی اتھارٹیز کی جانب سے گوادر ایئرپورٹ کے افتتاح کیلئے مارچ 2024 کا وقت دیا جا رہا ہے، نیا گوادر ایئرپورٹ فعال ہونے کے انتظامات کی تکمیل میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے، ایئرپورٹ گوادر کے موجودہ ہوائی اڈے سے 26 کلومیٹر شمال مشرق کی جانب واقع ہے اور اس کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے 3000 ایکڑ زمین دی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کی طرح گوادر ایئرپورٹ پاکستان کا دوسرا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے۔