استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق کوئی شکایت نہیں، نواز شریف کو کسی شخصیت کا نام لیکر بیانیہ نہیں بنانا چاہیے تھا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ خوشی ہے پارٹی میں ایک اہم شمولیت ہورہی ہے اور میں منزہ حسن کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ہر حال میں ہونا چاہئیں، الیکشن ناگزیر ہے ، ہر حالت میں ہونا چاہیے، الیکشن میں تمام جماعتوں کو برابری کا موقع ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی بہتری کے لیے کوشش کریں گے، استحکام پاکستان پارٹی تمام امیدیں پوری کرے گی۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق کوئی شکایت نہیں، اگر نواز شریف نے کسی کے ساتھ معاملات طے کرنے ہیں تو پہلے ملک واپس آئیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کسی شخصیت کا نام لیکر بیانیہ نہیں بنانا چاہیے تھا، سابق آرمی چیف اور آنے والے چیف جسٹس کا نام نہیں لینا چاہیے تھا۔