شین وارن کی موت کی وجہ طبعی تھی، تھائی پولیس کی تصدیق

تھائی لینڈ کی پولیس نے عظیم آسٹریلین اسپنر شین وارن کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی موت کی وجہ طبعی قرار دی ہے۔

خبر ایجنسی اے پی کے مطابق پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر کی رپورٹ شین وارن کے اہل خانہ اور آسٹریلیا کے سفارتخانے کو دی جا چکی ہے اور ان کے اہل خانہ کو اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسپنر کی موت کی وجہ طبعی تھی۔

پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر جنرل سوراچاتے ہکپارن نے کہا کہ کسی لاپتہ اشیا کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں ملی اور جسم پر جدوجہد کے کوئی نشان نہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے مطابق موت کی وجہ طبعی تھی، وارن کے والد نے کہا ہے کہ شین وارن کے سینے میں درد رہتا تھا اور چھٹیوں سے واپسی پر ان کا طبی معائنہ کرانے کا ارادہ تھا۔

پولیس افسر نے واضح کیا کہ یہ قتل کی واردات نہیں ہے اور موت کی وجہ طبعی ہے۔

شین وارن گزشتہ ہفتے جمعے کو تھائی لینڈ کے شہر کوہ سیموئی میں بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

Comments (0)
Add Comment