سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا شکار ہے اور 68 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا لیکن عبد اللہ شفیق ایک بار پھر مچل اسٹارک کے پہلے ہی اوور میں صفر پر بولڈ ہو گئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے کپتان شان مسعود کو اننگز کے دوسرے اوور میں پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا۔
صائم ایوب اور بابر اعظم نے کچھ مزاحمت کی لیکن نوجوان صائم ایوب 33 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ بابر اعظم 23 رنز بنا کر ٹریوس ہیڈ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔
سعود شکیل صرف دو رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ نائٹ واچ مین ساجد خان اور سلمان علی آغا کو صفر پر جوش ہیزل ووڈ نے اپنا شکار بنایا۔
تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنا لیے تھے اور پاکستان کی آسٹریلیا پر مجموعی برتری 82 رنز ہو گئی ہے۔