ورلڈکپ کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو با آسانی5 وکٹوں سے شکست دے کر اپنا سیمی فائنل میں پہنچنے کا راستہ انتہائی آسان اور پاکستان کا بظاہر ناممکن کر دیا۔
نیوزی لینڈ نے سری لنکا کا 172 رنز کا ہدف با آسانی 23.2 اوورز میں حاصل کر کے 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے شائقین آج دعا کر رہے تھے کہ سری لنکا نیوزی کو ہرا دے تاکہ پاکستان انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ جائے پر ایسا نہ ہوسکا۔
نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان آج میچ بنگلورو میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
سری لنکا کی اننگز
سری لنکن ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کوشل پریرا 51 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ دھننجایا ڈی سلوا 19اور انجیلو میتھیوز نے 16 رنز بنائے جبکہ اسالنکا 8 ، چامیکا کارونارتنے اور کوشل مینڈس نے 6 ،6 رنز اسکور کیے۔
پاتھم نسانکا 2 ، دشمنتھا چمیرا اور سدیرا سمارا وکرما ایک ایک رن بناسکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لوکی فیرگوسن،مچل سینٹنر اور راچن رویندرا نے2 ،2وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ لی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
سری لنکا کا 172 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے باآسانی 23.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔
ڈیون کونوے 45 ، ڈیرل مچل43 ، رچن رویندرا 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان کین ولیمسن 14اور مارک چیپمین 4 رنز بناسکے۔
گلین فلپس 17 اور ٹام لیتھم 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
سیمی فائنل کی دوڑ
نیوزی لینڈ کی اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کے خلاف جیت کے بعد کیویز کا سیمی فائنل میں پہنچنا انتہائی آسان ہوگیا۔
بھارت، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا پہلے ہی ناک مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، آخری ٹیم کے لیے نیوزی لینڈ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مقابلہ تھا۔
تاہم سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کی بھاری مارجن سے جیت کے بعد پاکستان اور افغانستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا بظاہر ناممکن ہوگیا ہے جبکہ کیویز کا راستہ بہت آسان ہوگیا۔
پاکستان اور افغانستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنا آخری میچ تو جیتنا ضروری ہی تھا تاہم اب کم رن ریٹ کی وجہ سے افغانستان اور پاکستان انتہائی مشکل میں آگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ اپنا آخری گروپ میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
افغانستان اور پاکستان 8 ،8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
افغانستان کو کل جنوبی افریقا اور پاکستان کو ہفتے کو انگلینڈ کا سامنا کرنا ہے۔
افغان ٹیم اور پاکستان کا اب آخری میچ میں جیت کے باوجود کم رن ریٹ کی وجہ سے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنا بظاہر ناممکن ہوگیا ہے۔
پاکستان سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟
کرک انفو کے مطابق اگر پاکستان انگلینڈ کے خلاف میچ میں پہلے بیٹنگ کر کے 300 رنز بناتا ہے تو اسے انگلینڈ کو 287 رنز کے مارجن سے شکست دینا ہوگی، اس کا مطلب انگلش ٹیم کو 13 رن پر آؤٹ کرنا ہوگا۔
اور اگر انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرے تو اس کو 50 رنز پر محدود کر کے پاکستان کو 2.5 اوورز میں ہدف مکمل کرنا ہوگا جو کہ بظاہر ناممکن نظر آتا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف 438 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی جوکہ بظاہر ناممکن ہے۔