پشاور / راوالپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب کارروائیوں کے ذریعے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 27، 28 جولائی کو خیبر اور جنوبی وزیرستان کے ضلع میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیوں کے ذریعے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
27 جولائی کو خیبر ضلع کے جنرل علاقے باغ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
28 جولائی کو جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور شدید مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے تاہم علاقے میں کلیئرنس آپریشن جا رہی ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔