سڈنی سے کوالالمپور جانے والی بین الاقوامی فلائٹ میں بم کی جھوٹی افواہ پھیلانے پر آسٹریلین پولیس نے 45 سالہ سابق پاکستانی ماڈل محمد عارف علی کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق جہاز میں بم کی جھوٹی افواہ پھیلا کر جہاز واپس سڈنی ائیرپورٹ پلٹنے پر مجبور کرنے والے سابق پاکستانی ماڈل ابرار الحق کے مشہور گانے ’پریتو‘ میں ماڈلنگ کے علاوہ جواد بشیر کی ہدایات میں بننے والے ایک سٹ کام ’کالج جینز‘ میں بھی اداکاری کر چکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر محمد عارف علی کی فلائٹ میں مسافروں اور عملے کے ساتھ بحث کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ جہاز میں عبادت کرنے کے بعد مسافروں سے بار بار پوچھنا شروع کر دیتے ہیں کہ کیا آپ خود کو اللہ کا غلام سمجھتے ہیں؟
محمد عارف علی 2002 میں نیشنل کالج آف آرٹس سے آرکیٹیکچر میں گریجوئیشن مکمل کرنے کے بعد کراچی اور لاہور کے مختلف اداروں میں اہم عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔
شوبز انڈسٹری میں محمد عارف علی کے جاننے والوں میں سے کچھ لوگوں کی جانب سے سابق اداکار و ماڈل کے شدت پسند خیالات پر حیرانی اور تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ کچھ لوگوں نے ذہنی صحت سے متعلق سوالات اٹھاتے ہوئے ان کی ذہنی صحت کا معائنہ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔